• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنویر پہلے کبھی پیلی پتلون تو کبھی اسکرٹ نما لباس میں سامنے آتے تھے، اداکارہ مدھو

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بالی ووڈ اداکارہ مدھو نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی رنویر سنگھ کے بارے میں رائے وقت کے ساتھ مکمل طور پر بدل گئی، رنویر کبھی پیلی پتلون تو کبھی اسکرٹ نما لباس پہن کر سامنے آتے تھے۔

 ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب رنویر سنگھ نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو وہ ان سے زیادہ متاثر نہیں تھیں، لیکن بعد میں ان کی اداکاری اور خود اعتمادی نے انہیں اپنا مداح بنا لیا۔

مدھو نے بتایا کہ ابتدا میں وہ رنویر سنگھ کو محض ایک مناسب اداکار سمجھتی تھیں اور ان کے بارے میں ہونے والی تعریفیں انہیں زیادہ متاثر نہیں کرتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ ان لوگوں میں شامل تھیں جو رنویر کے منفرد لباس پر تنقید کرتے تھے۔

ان کے مطابق رنویر کبھی پیلی پتلون تو کبھی اسکرٹ نما لباس پہن کر سامنے آتے تھے، جس پر لوگ ان کا مذاق اڑاتے، میمز بناتے اور تنقید کرتے تھے، لیکن انہوں نے کبھی دوسروں کی رائے کی پروا نہیں کی۔

مدھو نے کہا کہ زیادہ تر لوگ تنقید کے بعد خود کو بدلنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ معاشرے میں فٹ ہو سکیں، مگر رنویر سنگھ نے کبھی ایسا نہیں کیا۔

ان کے بقول آج وہ ایک اسٹائل آئیکون اور بہترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، اور جن لوگوں نے کبھی ان کا مذاق اڑایا تھا، وہی آج ان کے بڑے مداح ہیں، جن میں میں بھی شامل ہوں۔

اداکارہ نے ایک یادگار واقعہ بھی بیان کیا جب ایک ایوارڈ تقریب میں رنویر سنگھ نے اسٹیج پر ان کے لیے گانا گایا۔ مدھو کے مطابق اس عمل نے انہیں بے حد متاثر کیا اور اس دن رنویر ان کی نظر میں ایک اور بھی بڑے سپر اسٹار بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں اور انہیں بالکل شاندار اداکار قرار دیا۔

مدھو حال ہی میں کناپا میں پنّاگا کے کردار میں نظر آئی تھیں، جبکہ ان کی آئندہ تاریخی فلم گورنر دی سائلنٹ سیور 12 جون 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید