انسانی جسم اکثر یہ ظاہر کرنے کے طریقے ڈھونڈ لیتا ہے کہ اندرونی نظام میں کچھ گڑبڑ ہے، چاہے وہ سر درد ہی کیوں نہ ہو، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کے کان کا میل بھی آپ کی صحت کے بارے میں اہم راز کھول سکتا ہے؟
طبی زبان میں ’سیرومین‘ کہلانے والا یہ مادہ کان کی نالی کی حفاظت کرتا ہے اور جراثیم کو اندر جانے سے روکتا ہے۔ جدید طبی تحقیق کے مطابق کان کے میل کے ذریعے ڈپریشن اور پارکنسنز جیسی بیماریوں کی جلد تشخیص پر کام کیا جا رہا ہے۔
ماہرینِ سماعت کے مطابق کان کے میل کی رنگت، ساخت اور بو میں تبدیلی کسی پوشیدہ بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔
1۔ پیلا یا ہلکا بھورا رنگ (صحت مند کان):
عام طور پر کان کا میل ہلکا بھورا، نارنجی یا پیلا ہوتا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کا کان بالکل صحت مند ہے اور اپنا کام ٹھیک طریقے سے کر رہا ہے۔
2۔ گہرا بھورا رنگ (پرانا میل):
گہرے بھورے رنگ کا مطلب یہ ہے کہ میل کافی عرصے سے کان کے اندر موجود ہے اور سخت ہو چکا ہے۔ یہ عام طور پر نارمل ہوتا ہے کیونکہ میل جتنا پرانا ہوتا ہے اور جتنی زیادہ دھول مٹی جذب کرتا ہے، اس کا رنگ اتنا ہی گہرا ہو جاتا ہے۔
تاہم اگر یہ بہت زیادہ جمع ہوجائے تو یہ کان بند ہونے اور انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے، جس کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر سے صفائی کروانی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق ایئرفون کا زیادہ استعمال اس کی بڑی وجہ ہے۔
3۔ سرخ رنگ (خون کا اخراج):
اگر کان کا میل چمکدار سرخ یا سرخی مائل بھورا نظر آئے، تو یہ کان کے اندر خون بہنے کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ عام طور پر کاٹن بڈز (روئی والی سلائی) کے غلط استعمال سے لگنے والے چھوٹے زخموں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ لیکن اگر کوئی واضح چوٹ نہ ہو، تو یہ کان کے پردے کے پھٹنے یا کسی سنگین انفیکشن کی علامت ہو سکتا ہے، جس کا فوری معائنہ ضروری ہے۔
4۔ سبز یا کریم جیسا رنگ (انفیکشن کا خطرہ):
ہرا یا کریمی رنگ کا مادہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ کان کا میل پیپ کے ساتھ مل چکا ہے، جو کان کے شدید انفیکشن کو ظاہر کرتا ہے۔ اس صورت میں اکثر کان میں درد، چکر آنا یا کان سے پانی بہنے جیسی علامات بھی ہوتی ہیں۔ ایسی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
5۔ ناگوار بو (بیکٹیریل انفیکشن):
اگر کان کے میل سے بدبو آ رہی ہو، تو یہ کان کی نالی میں نمی پھنس جانے، بیکٹیریا یا فنگس کے انفیکشن کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ کان میں گھنٹیاں بجنا (Tinnitus)، چکر آنا یا کان بند ہونے کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔
6۔ خشک اور پاؤڈر جیسا میل:
عمر بڑھنے کے ساتھ کان کے غدود خشک ہو جاتے ہیں، اس لیے بڑی عمر کے افراد میں خشک یا چھلکے جیسا میل ہونا عام بات ہے۔ لیکن اگر اس خشکی کے ساتھ کان میں خارش، سوجن، درد یا سننے کی صلاحیت میں کمی محسوس ہو، تو یہ جلد کی بیماری (Eczema) یا انفیکشن ہو سکتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔