کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں شادی کی تقریب پر اسرائیلی حملہ، 6افراد شہید ہو گئے۔ شادی کے خیمے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، 15سے زائد افراد زخمی، شہدا میں اضافے کا خدشہ، خواتین اور بچوں کے بھی متاثر ہونے کی اطلاعات، خوشیوں کی محفل چند لمحوں میں ماتم میں بدل گئی۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ شہر میں ایک شادی کی تقریب اس وقت خونریز سانحے میں بدل گئی جب اسرائیلی حملے میں شادی کے خیمے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔ الجزیرہ کے مطابق مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ دو میزائل شادی کی تقریب کے اندر یا اس کے قریب آ کر پھٹے، جس سے خیمے میں موجود افراد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں بھی شدید نقصان ہوا۔ رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت خیمہ مہمانوں سے بھرا ہوا تھا جبکہ خواتین اور بچوں کے بھی متاثرین میں شامل ہونے کا خدشہ ہے۔