ہیوسٹن (رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے ستارۂ خدمت سے نوازے جانے والے پاکستانی امریکی سماجی رہنما اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ کے اعزاز میں پاکستانی قونصل خانے اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹیز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہیوسٹن میں ایک پروقار ستائشی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ہیوسٹن کے میئر جان وِٹ مائر نے اپنے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے محمد سعید شیخ کی چار دہائیوں پر محیط انسانی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ خدمت سے نوازا۔