• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے متفق، ذرائع

فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی میڈیا سیل
فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی میڈیا سیل

حکومت کو بجٹ منظوری کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے گرین سگنل مل گیا، اہم بیٹھک کے دوران حکومت اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔

ایوان صدر کی جانب سے صدرِ مملکت سے وزیرِ اعظم کی ایوانِ صدر میں ملاقات اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ 

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں معیشت، بجٹ، گلگت بلتستان کے انتخابات اور آزاد کشمیر کی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے امور پر گفتگو کی گئی۔ 

صدرِ مملکت نے بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق کو ترجیح دینے پر زور دیا اور کہا کہ بجٹ میں شرحِ ترقی اور عوامی فلاح کی اسکیموں کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جائے۔

ایوان صدر اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ بھی موجود تھے۔ 

ایوان صدر اعلامیہ کے مطابق محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو دورۂ ایران اور علاقائی سفارتی رابطوں پر بریفنگ دی۔ 

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور سلیم مانڈوی والا بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور ایم پی اے راجہ پرویز اشرف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم پیپلز پارٹی وفد کے وفد سے ملاقات کیلئے ایوان صدر پہنچی جہاں صدر مملکت نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت کر رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ارکان بھی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت کے ہمراہ موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی جبکہ آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک تھے۔ 

وزیراعظم کی صدر مملکت کو گلگت بلتستان الیکشن جیتنے پر مبارکباد

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو مبارکباد دی۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا، ’نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی‘ جس پر صدر مملکت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’آخر بیٹا کس کا ہے؟۔‘

قومی خبریں سے مزید