ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے فطری حق کے استعمال میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔
امریکی جارحانہ کارروائیوں پر ایرانی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ اپنے دفاع میں حملوں کے منبع، حملوں میں استعمال ہونے والے اڈوں اور لاجسٹک مراکز کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ایران کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک اپنی سر زمین ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کو استعمال نہ کرنے دیں، اپنی سر زمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دینا خلیجی ممالک کی قانونی اور اخلاقی ذمے داری ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک اپنی سر زمین یا تنصیبات ایران کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی، تنظیم، عمل درآمد یا معاونت کے لیے استعمال نہ کرنے دیں۔
واضح رہے کہ امریکی افواج کی جانب سے رات 2 بجے ایران کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے، امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ حملے اپنے دفاع میں کیے۔
دوسری جانب امریکی حملوں کے بعد ایران نے خطے میں بعض امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ پر ڈرون حملہ کیا، اردن میں امریکی الازرق AL-AZRAQ فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا اور 4 اہداف کو نشانہ بنایا۔