• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس یوکرین کے بارے میں جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے: یوکرینی سفیر

روسی سفیر البرٹ خوریف کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس پر یوکرین کے سفیر  مارکیان چوچک نے جوابی خط لکھ دیا۔

مارکیان چوچک نے خط میں لکھا ہے کہ روس یوکرین کے بارے میں جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، یوکرین میں انتہا پسند عناصر سیاسی طور پر غیر مؤثر ہیں جب کہ روس میں شخصی حکمرانی، عسکریت پسندی اور اطلاعاتی کنٹرول نمایاں ہیں۔

اُنہوں نے خط میں لکھا کہ 18 سے 25 مئی کے دوران روس نے یوکرینی شہروں پر 1600 سے زائد ڈرون حملے کیے، ایک ہفتے میں روس نے 92 میزائل داغے، جن میں اوریشنک بیلسٹک میزائل بھی شامل تھا۔

یوکرینی سفیر نے خط میں مزید لکھا کہ یوکرین میں 2 لاکھ 36 ہزار سے زائد جنگی جرائم کی تحقیقات جاری ہیں، روسی افواج کے ہاتھوں 1 لاکھ 7 ہزار 544 یوکرینی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، ہلاک ہونے والے شہریوں میں 705 بچے بھی شامل ہیں۔

اُنہوں نے خط میں لکھا ہے کہ بوچا قتلِ عام کو متنازع بیانیہ قرار دینا حقائق سے انکار کے مترادف ہے، 20 ہزار سے زائد یوکرینی بچوں کی جبری منتقلی انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

مارکیان چوچک نے خط میں لکھا ہے کہ جنگ مغربی امداد نہیں بلکہ روسی فوجی موجودگی کے باعث طول پکڑ رہی ہے، پاکستان ریاستوں کی خود مختاری اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی حمایت کرتا ہے۔

اُنہوں نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ روس یو این کے چارٹر اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، یوکرین جارحیت، قتل اور جھوٹ کےخلاف مؤقف اختیار کرنے پر شرمندہ نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید