• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صحافی کے اغواء میں ملوث طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا

امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے—فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے—فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے کے اغواء میں ملوث سابق طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

نیویارک کی عدالت نے سابق طالبان کمانڈر کو دہشت گردی میں معاونت اور یرغمال بنانے کے جرم میں سزا سنائی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق 50 سالہ حاجی نجیب اللّٰہ نے امریکی صحافی اور 2 ساتھیوں کو 7 ماہ تک یرغمال بنا کر رکھا تھا۔ 

واضح رہے کہ امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈ 2008ء میں افغانستان میں اغواء ہوئے تھے، حاجی نجیب اللّٰہ پر امریکی فوجی قافلوں پر حملوں کا بھی الزام تھا۔

امریکی حکام کے مطابق حاجی نجیب اللّٰہ نے اپریل 2025ء میں یرغمال بنانے کے الزامات اور دہشت گردی کی معاونت کے الزامات قبول کیے تھے۔

امریکی محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ حاجی نجیب اللّٰہ کی قیادت میں طالبان جنگجوؤں نے 2008ء میں امریکی فوجی قافلے پر حملہ کیا تھا، حملے میں 3 امریکی فوجی اور 1 افغان مترجم ہلاک ہوئے تھے۔

حکام نے کہا ہے کہ حاجی نجیب اللّٰہ 2007ء سے 2009ء تک افغانستان کے صوبے وردک میں طالبان کمانڈر رہا، جس کے ماتحت جنگجو امریکی اور نیٹو افواج پر حملے کرتے رہے۔

امریکی حکام نے کا کہنا ہے کہ امریکی صحافی اور 2 افغان شہریوں کو 2008ء میں اغواء کیا گیا تھا، مغویوں کو تقریباً 7 ماہ تک قید میں رکھا گیا، تاوان و قیدیوں کی رہائی کے لیے ویڈیوز بنوائی گئیں، مغوی امریکی صحافی اور افغان شہری بعد میں فرار ہو کر اپنے خاندانوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو نقصان پہنچانے والے دہشت گرد کہیں بھی ہوں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، حاجی نجیب اللّٰہ کو یوکرین کی مدد سے گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید