پاکستان نے فائنل مقابلے میں شائق دوست اور ہارون حامد کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان کو شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا۔
پاکستانی ٹیم 1962ء میں ملائیشیا میں ہونے والے امردیکا کپ کے بعد پہلی بار کسی آزاد بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ اس طرح 64 سال بعد پاکستان نے کسی فائنل میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چار ملکی فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 کی شکست دی۔
میچ کا پہلا گول شائق دوست نے کھیل کے 24ویں منٹ میں جبکہ دوسرا گول ہارون حامد نے کھیل کے اختتامی لمحات کے دوران انجری ٹائم (90+4) میں اسکور کیا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان، مالدیپ اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ میچ میں افغانستان کو 0-2 کی شکست دی تھی، اس لحاظ سے پاکستان کو فائنل میں افغانستان پر نفسیاتی برتری حاصل تھی۔
پاکستان نے تین میچز میں دو فتوحات حاصل کی تھیں اور ایک ڈرا کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ افغانستان کی ٹیم نے ایک میچ جیت کر اور ایک ڈرا کر کے چار پوائنٹس حاصل کیے اور اس طرح یہ دوسری پوزیشن کے ساتھ دوسری فائنلسٹ ٹیم تھی۔
سربراہ پی ایف ایف محسن گیلانی کا کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے انعامات کا اعلان
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے سربراہ محسن گیلانی نے ٹورنامنٹ جیتنے پر قومی ٹیم کے کوچ نولبرٹو سولانو اور کھلاڑیوں کو مبارک دی۔
اپنے پیغام میں محسن گیلانی نے کہا کہ 6 دہائیوں بعد قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کا ایک بڑا تحفہ ہے۔
انہوں نے ہیڈ کوچ اور کھلاڑیوںا ور آفیشلز کیلئے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔