• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ہسپانوی وزیراعظم کیخلاف تحقیقات دفتر سے 12 لاکھ یورو کے زیورات برآمد

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق اسپینش وزیراعظم کیخلاف نئی تحقیقات شروع، دفتر سے 12 لاکھ یورو کے زیورات برآمد، ٹیکس فراڈ اور اسمگلنگ کے شبہات، زیورات خاندانی وراثت کا حصہ ہونے کا دعویٰ، عدالت نے بیان کے لیے طلب کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے سابق وزیراعظم خوسے لوئس رودریگیز زاپاتیرو کے خلاف ان کے دفتر سے تقریباً 12 لاکھ یورو مالیت کے قیمتی زیورات اور گھڑیوں کی برآمدگی کے بعد نئی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق سابق وزیراعظم پہلے ہی 2021 میں ہسپانوی ایئرلائن پلس الٹرا کو دیے گئے سرکاری بیل آؤٹ میں مبینہ اثرورسوخ کے معاملے کی تحقیقات کا سامنا کر رہے تھے، جبکہ گزشتہ ماہ دفتر پر چھاپے کے دوران سونے، نیلم اور زمرد سے مزین ہار، کنگن، انگوٹھیاں اور بالیاں برآمد ہوئیں۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ زیورات پر کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے شواہد موجود نہیں، جس کے باعث ٹیکس فراڈ اور اسمگلنگ کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم کے قریبی ذرائع کا مؤقف ہے کہ یہ اشیا خاندانی وراثت سے تعلق رکھتی ہیں، جبکہ انہیں رواں ماہ عدالت میں بیان کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ اسپین کی حالیہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سابق وزیراعظم کے خلاف باقاعدہ فوجداری تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید