نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیر مقدم کرتے ہیں، امریکی اور ایرانی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہیں۔
ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ پیش رفت سفارت کاری کی کامیابی ہے، مذاکرات اور مکالمہ ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پورے عمل میں تحمل اور تعمیری روابط کی حمایت جاری رکھی، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کی سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، پیش رفت سے خطے اور عالمی معیشت میں استحکام کی اُمید پیدا ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ترقی پزیر ممالک کے لیے امن معاہدہ مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے، پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے، مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مثبت پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور خوش حالی کی راہ ہموار کرے گی، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، عالمی برادری کے لیے مفاہمت کا معاہدہ ایک مثبت پیغام ہے۔