بھارتی ریاست آندھرا پردیشں کے نائب وزیر اعلیٰ اور ساؤتھ کے معروف اداکار پون کلیان نے ہندی اور ساؤتھ کے سینئر اداکار پرکاش راج کی جانب سے گزشتہ روز بنگلور میں کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران ان کی حمایت پر اسے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دے دیا۔
پون کلیان نے جنا سینا پارٹی کے ایک اجلاس میں کاکروچ جنتا پارٹی پر تنقید کی۔
واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے میڈیکل میں داخلوں کے پیپر لیک کے خلاف اتوار کو بنگلور میں احتجاج کیا تھا۔ پرکاش راج نے اس احتجاج میں شرکت کرکے انکی حمایت کی۔
جس کے بعد اب پون کلیان نے دہلی میں اپنی پارٹی جنا سینا کے اجلاس سے خطاب کے دوران حمایت کرنے والوں کو تنگ نظر کہا اور ان پر معاشرے میں تفرقہ پیدا کرنے اور ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے پرکاش راج کا نام لیے بغیر کاکروچ پارٹی کی حمایت کرنے والوں کو چھوٹے ذہن والا کہا۔
انکا کہنا تھا کہ دہلی میں ہونے والے اجلاس کے اہم ایجنڈوں میں سے ایک کاکروچ پارٹی بھی تھا، انھوں نے کہا یہ کم فہم اور اس ملک کی سیاست کی گہرائی کو نہ سمجھنے والے لوگ تفرقہ پیدا کرکے ملک کی سالمیت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں ایسے خیالات کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ہمیں اس کا مقابلہ کرنا چاہیے اور اس میں شریک نہیں ہونا چاہیے۔
اس سے قبل پون کلیان نے ایک میڈیا ادارے سے گفتگو میں کہا تھا کسی نہ کسی طرح یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ ناراض کیوں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے سی جے پی کے بارے میں اپنے بیٹے اکيرا نندن سے بات کی اور اس سے پوچھا کہ تمہارے دوستوں کا ایک بڑا گروپ ہے، تقریباً 20 دوست ہیں، تو ان میں سے کتنے لوگ کاکروچ میں گئے؟ میرا خیال ہے کہ ان میں سے تین نے سبسکرائب کیا ہے۔
گزشتہ روز کاکروچ پارٹی نے کہا تھا کہ ملک کے نوجوانوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنی لڑائی خود لڑیں گے، نوجوان دلت ہوں یا کوئی اور کہتے ہیں کہ بزرگ سیاستداں جو ریٹائرمنٹ کی عمر گزرنے کے باوجود ملک پر حکمران ہیں اب ایک طرف ہو جائیں۔ ہم نوجوان اپنے مستقبل کے لیے خود جدوجہد کرینگے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پون کلیان کو اپنے مختلف اقدامات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا مؤقف کچھ نرم کیا، لیکن ریاست میں انتخاب لڑنے کے ارادے پر قائم رہے۔ اس پر پرکاش راج نے پون کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں ایک ٹوئٹ میں کہا اگر آپ کہیں کہ آپ آ رہے ہیں، تو کیا ہم منع کریں گے؟ ضرور آئیے، لیکن آنے سے پہلے یہ تو بتا دیجیے، کیا آپ خود آ رہے ہیں؟ کسی اتحاد کے ساتھ آ رہے ہیں؟ یا اکیلے آ رہے ہیں؟
پرکاش راج اور پون کلیان متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ تاہم وہ اپنے سیاسی اختلافات کے بارے میں کھل کر اظہار کرتے رہے ہیں۔