معروف ہالی و لالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ اور ایستھیٹک ڈاکٹر مدھو چوپڑا نے گھنے، چمکدار اور صحت مند بالوں کے لیے اپنا پسندیدہ گھریلو ہیئر ماسک شیئر کیا ہے۔
مدھو چوپڑا کا کہنا ہے کہ میں ناریل کے تیل، میتھی دانے، روز میری، چاول کے پانی اور چیا سیڈز کو ملا کر ایک خاص ماسک تیار کرتی ہوں، بھگوئے ہوئے چیا سیڈز اس آمیزے کو جیلی جیسی ساخت دیتے ہیں جس سے اسے بالوں میں لگانا آسان ہو جاتا ہے۔
اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اس ماسک کو بالوں میں لگا کر تقریباً 1 گھنٹے تک چھوڑ دیں، بعد ازاں بالوں کو دھو لیں، یہ نسخہ بالوں کو مضبوط، چمکدار اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے اور بالوں کی بھرپور نشوونما کے لیے مفید ہے۔
73 سالہ مدھو چوپڑا کا کہنا ہے کہ یہ میرے ماہانہ ہیئر کیئر روٹین کے پہلے ہفتے کا حصہ ہے جبکہ میں ہر ہفتے مختلف طریقۂ کار اپناتی ہوں جنہیں جلد اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کروں گی۔
اس سے قبل مدھو چوپڑا نے جِلد کی دیکھ بھال کے لیے بھی ایک گھریلو ماسک بتایا تھا جس میں بیسن، تازہ دہی، گھریلو ملائی، ہلدی اور ٹھنڈا دودھ شامل کیا گیا تھا۔
ان کے مطابق یہ ماسک جِلد کو نرم اور تر و تازہ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔