• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنچیتا اوگلے کی موت کی سخت تحقیقات کا مطالبہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی پراسرار موت کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 22 سالہ اداکارہ 14 جون کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں، انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

اداکارہ کی اچانک موت کے بعد آل انڈیا سنی ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA)  کے صدر نے مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی مکمل، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں نوجوان اداکارہ کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور شوبز انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

بیان میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ اداکارہ کی موت کی خبر سامنے آنے سے کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی، جسے تحقیقات کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام ناصرف موت کی وجوہات کا تعین کریں بلکہ فنکاروں اور انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لیے دستیاب ذہنی اور پیشہ ورانہ معاونت کے نظام کا بھی جائزہ لیں۔

ایسوسی ایشن نے آخر میں سنچیتا اوگلے کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور حقائق سامنے لانے کی کوششوں میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

واضح رہے کہ سنچیتا اوگلے بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی تھیں اور انہیں بھارتی ٹی وی انڈسٹری کا ابھرتا ہوا چہرہ سمجھا جاتا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید