بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی اچانک موت کے بعد ان کی آخری انسٹاگرام پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
22 سالہ اداکارہ کئی مقبول ڈراموں میں نظر آ چکی تھیں، ان کی آخری انسٹاگرام پوسٹ، جو موت کی خبر سامنے آنے سے چند گھنٹے قبل شیئر کی گئی تھی، اس میں سنچیتا کو گلابی رنگ کے روایتی لباس میں کلاسک گانے ڈفلی والے ڈفلی بجا پر لپ سنک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں مداحوں نے گہرے دکھ اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ انہیں دیکھ کر نہیں لگتا کہ وہ ایسا کوئی قدم اٹھا سکتی تھیں، وہ تو بہت خوش نظر آ رہی ہیں، جبکہ دوسرے صارفین نے کہا ہے کہ یقین نہیں آتا کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں رہیں، بہت جلد دنیا چھوڑ گئیں۔
رپورٹس کے مطابق سنچیتا کے انسٹاگرام پر تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز تھے اور ان کی آخری پوسٹ پر ہزاروں تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ 14 جون کی شام بھارتی ریاست مہاراشٹر کے علاقے نالا سوپارا ایسٹ میں ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی ہے۔