• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کی فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت پر ارسلان نصیر کا بھارت پر طنز

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ارسلان نصیر نے ایران کی امریکا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کے بعد بھارت پر طنز کے تیر برسا دیے۔

ارسلان نصیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں انہیں کرکٹ ٹورنامنٹس میں بھارت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


انہوں نے پاک بھارت تنازع کے بعد کرکٹ ٹورنامنٹس میں بھارت کے رویے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 4 مہینے جنگ چلتی رہی، اس جنگ کے دوران جانی اور مالی نقصان بھی بہت زیادہ ہوا، آبنائے ہرمز بند ہونے کی وجہ سے پوری دنیا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پھر بھی ایران کی ٹیم امریکا جا کر فیفا ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔

اداکار نے کہا ہے کہ ایک ہمارے پڑوسی ہیں، سال پہلے ان کے کوئی 2 سے 4 جہاز ہم نے گرا دیے تھے، ان کا چھچھورپن ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، کبھی کہتے ہیں ہم ہاتھ نہیں ملائیں گے، کبھی کہتے ہیں گلے نہیں ملیں گے اور سب سے چھچھوری حرکت یہ ہے کہ ہم پاکستانی بندے کے ہاتھ سے ٹرافی نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بات دراصل یہ ہے کہ جو لوگ جدی پشتی امیر ہوتے ہیں انہیں چھوٹی موٹی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ہمارے پڑوسی بیچارے نئے نئے امیر ہوئے تھے اوپر سے اتنے مہنگے جہاز تھے جو کہ نیچے گر گئے تو چیخیں نکل گئیں، پاگل ہونے کو ہیں۔

ارسلان نصیر نے کہا ہے کہ ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی عوام بیچارے انہیں لگ رہا ہے کہ جہاز گرانے سے جو 0-6 اسکور ہوا تھا وہ کرکٹ میچز کے 0-6 اسکور کے برابر ہے، وہ اس بات پر تسلی سے سو رہے ہیں کہ ہم نے بھی 6 بار میچز جیت لیے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں پاک فضائیہ کے بھارت کے متعدد جنگی جہاز مار گرانے پر اداکار ارسلان نصیر نے بھارت اور بھارتیوں پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید