ایرانی حکام کے مطابق منگل (آج) بوشہر جوہری پلانٹ کے قریب فضائی دفاعی نظام کا تجربہ کیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح بوشہر جوہری پلانٹ کے قریب فضائی دفاعی نظام کا تجربہ کیا جائے گا، تاہم عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی قسم کی تشویش کا شکار نہ ہوں۔
بوشہر کے گورنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے 10 بجے کے درمیان علاقے میں مختلف آوازیں سنی جا سکتی ہیں، جو فضائی دفاعی نظام کے طے شدہ تجربے کا حصہ ہوں گی۔
گورنر نے شہریوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ مشق معمول کی دفاعی سرگرمیوں کے تحت کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد فضائی دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لینا اور نظام کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
بوشہر جوہری پلانٹ ایران کے اہم ترین جوہری تنصیبات میں شمار ہوتا ہے، جس کے باعث اس کے اطراف سیکیورٹی اور دفاعی انتظامات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔