ایران کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالنصر ہمتی نے کہا ہے کہ ایران امریکی زرعی مصنوعات خریدنے کا پابند نہیں ہے، اگر امریکی اشیاء معیار اور قیمت کے لحاظ سے بہتر ہوئیں تو ان کی خریداری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔
ایرانی خبر ایجنسی تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالنصر ہمتی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے پر ردعمل دیا ہے کہ ایران کے منجمد فنڈز امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری کے لیے استعمال ہوں گے، ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے تحت ابتدائی 6 ارب ڈالرز بنیادی اشیاء اور ادویات کی خریداری کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی مصنوعات خریدنے کی کوئی لازمی شرط عائد نہیں کی گئی، باقی 6 ارب ڈالرز صرف بنیادی اشیاء تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ ایران دیگر غیر پابندی شدہ اشیاء بھی خرید سکتا ہے۔
گزشتہ روز امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ بحال کیے جانے والے ایرانی اثاثوں کی رقم ایرانی عوام کی فلاح کے لیے استعمال ہو، نہ کہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے، ایرانی فنڈز امریکی مکئی اور گندم خریدنے پر خرچ کی جا سکتے ہیں جس سے ایرانی عوام کے ساتھ امریکی کسان بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔