جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1274 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 360 ہو گئی ہے، جس کی کانگو حکومت نے تصدیق کر دی۔
اقوامِ متحدہ کے امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ جمہوریہ کانگو کے مشرقی علاقوں میں ایبولا وائرس غیر معمولی تیز رفتار سے پھیل رہا ہے، یہ وباء ایبولا وائرس کی بنڈی بگیو قسم سے پھیلی ہے جس کا اعلان 15 مئی کو کیا گیا تھا۔
ایبولا وائرس کے پیشِ نظر سعودی عرب نے 3 افریقی ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق 3 افریقی ممالک جنوبی سوڈان، جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا سے سفر کرنے والے افراد کو اگلے نوٹس تک مملکت کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گزشتہ ہفتے کانگو سے فرانس پہنچنے والے ڈاکٹر میں بھی ایبولا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق متاثرہ شخص کانگو کے متاثرہ علاقے میں انسانی ہمدردی کے مشن سے واپس آیا تھا۔