بھارتی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال سیریز کے لیے بنگلادیش کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس ممکنہ سیریز سمیت 2026 اور 2027 کی ہوم انٹرنیشنل سیریز کے ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا رائٹس کی فروخت کے لیے پیشکشیں طلب کر لی ہیں، جن میں بھارت کے خلاف سیریز کا بھی خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کا بنگلادیش کا دورہ گزشتہ برس شیڈول تھا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی صورتحال کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مجوزہ دورے میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
تاہم دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے اس پیش رفت پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی کی جانب سے جن ہوم سیریز کے میڈیا رائٹس کے لیے پیشکشیں طلب کی گئی ہیں، ان میں پاکستان کے خلاف 2027 میں شیڈول پانچ ایک روزہ میچوں کی ہوم سیریز بھی شامل ہے۔