تھائی لینڈ کے شہر لوپبوری میں قائم انیمل انکلوژر سے تقریباً 100 بندر فرار ہو گئے، جس کے بعد مقامی حکام نے انہیں تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بندر منگل کی صبح لوپبوری میونسپلٹی انیمل انکلوژر سے فرار ہوئے لیکن عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 1 ہزار سے زائد دیگر بندروں کو فرار ہونے سے روک دیا۔
اس واقعے کے بعد لوپبری کے میئر چمروئن سالچیپ نے مقامی پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فرار ہونے والے بندروں کو جلد از جلد پکڑیں تاکہ انہیں گھروں، کاروبار یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کا شہر لوپبوری بین الاقوامی سطح پر اپنے سالانہ’منکی بفے فیسٹیول‘ کے لیے مشور ہے اور ماضی میں یہاں بڑی تعداد میں بندر آزادانہ گھومتے تھے لیکن 2024ء میں ڈیپارٹمنٹ آف نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن نے تقریباً 2500 بندروں کو پکڑ کر بڑے انکلوژر میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ اقدام بندروں کے جارحانہ رویے کے پیشِ نظر اٹھایا گیا تھا کیونکہ بندروں نے خوراک کی تلاش میں شہریوں کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا تھا۔