• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خراٹوں کا تنازع مشاورت سے حل، بھارتی جوڑے نے طلاق کا فیصلہ مسترد کر دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی شہر بھوپال میں ایک انوکھا ازدواجی تنازع اس وقت خوش گوار انجام کو پہنچا جب خراٹوں کی وجہ سے طلاق لینے کا فیصلہ کرنے والا جوڑا مشاورت کے بعد دوبارہ ساتھ رہنے پر آمادہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے صلح کروانے والی خاندان کی 1 خاتون (مشیر) کو بتایا کہ مجھے اپنے شوہر، سسرال یا ازدواجی زندگی سے کوئی شکایت نہیں تاہم شوہر کے شدید خراٹے مجھے ہر رات جاگنے پر مجبور کرتے ہیں جس کے باعث دونوں کے درمیان روزانہ جھگڑا ہونے لگا ہے۔

خاندانی مشیر ریتا تُلی کے مطابق شوہر خراٹے لینے سے انکار کرتے رہے جبکہ خاتون کا مؤقف تھا کہ مسلسل بے خوابی نے مجھے طلاق کا فیصلہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالتی کارروائی سے پہلے مشیر نے دونوں کو 3 ماہ الگ رہنے کا مشورہ دیا تاکہ وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کر سکیں۔

3 ماہ بعد دونوں نے مشاورت کے دوران بتایا کہ علیحدگی کے دوران انہیں ایک دوسرے کی اہمیت کا احساس ہوا، جوڑے نے تسلیم کیا کہ ہمارے درمیان نہ جسمانی تشدد کا مسئلہ تھا اور نہ ذہنی ہراسانی کا، اس لیے صرف خراٹوں کی وجہ سے رشتہ ختم کرنا درست فیصلہ نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مشاورت کے بعد دونوں نے طلاق کا ارادہ ترک کرتے ہوئے دوبارہ ازدواجی زندگی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید