امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کی چاہ بہار بندرگاہ پر نگرانی کا ایک ٹاور گذشتہ روز کے حملے میں تباہ کردیا۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ 16 جولائی کو امریکی افواج نے ایران کی خلیجِ عمان کے ساحلی علاقے میں واقع شہید کلانتری بندرگاہ، چاہ بہار کے ایک نگرانی ٹاور کو کامیاب کارروائی میں تباہ کر دیا۔
امریکی بیان کے مطابق یہ ٹاور پاسداران انقلاب کے زیر استعمال بحری نگرانی کے اس نیٹ ورک کا حصہ تھا، جسے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی نگرانی اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے استعمال کیا جا رہا تھا۔
امریکا کا کہنا ہے کہ نگرانی ٹاور کی تباہی سے آئی آر جی سی کی تجارتی جہازوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔