امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان ملاقات سے متعلق زیرِ گردش خبریں امریکی میڈیا نے بے بنیاد قرار دے دیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے حکام حالیہ دنوں اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے اسرائیلی میڈیا پر یہ رپورٹس پڑھیں کہ صدر ٹرمپ پیر کے روز اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی میزبانی کریں گے۔
ایکسیوس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے نیتن یاہو ایک ایسی ملاقات کو حقیقت کا روپ دینے کی کوشش کر رہے تھے جس کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔
ایک اور عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اسرائیلی وزیرِ اعظم کی جانب سے ترکیہ کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی مجوزہ امریکی فروخت پر عوامی سطح پر تنقید کیے جانے سے ناراض تھے۔
ایکسیوس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور واشنگٹن میں اسرائیلی رہنما کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں امریکی میڈیا کی جانب سے خبر سامنے آئی تھی کہ امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے نیٹو سربراہی اجلاس کے بعد وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے، وہ جانتے ہیں کہ باس کون ہے۔