چین نے امریکی انتخابات میں مداخلت سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات مسترد کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ چین کو امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور اس نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
بیجنگ میں چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں اور ان کا مقصد چین کو بدنام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے الزام لگایا کہ 2020ء کے صدارتی انتخابات کے ڈیٹا میں چین نے مداخلت کی، دستاویزات کے سامنے آنے سے انتخابی نظام کی خامیاں بے نقاب ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے امریکی عوام میں میرے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی، امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی ووٹنگ سسٹم میں کمزوریوں سے متعلق خفیہ دستاویزات فوری جاری کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کانگریس کو ’ووٹر آئی ڈی سیو امریکا ایکٹ‘ منظور کرنا چاہیے، ان کی تقریر نشر نہ کرنے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس منسوخ کیے جانے چاہئیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔