• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ پھر ناراض، وائٹ ہاؤس سے مثبت جواب نہ ملنے پر نیتن یاہو کا دورۂ امریکا منسوخ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے پر اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے آئندہ ہفتے امریکا کا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو ٹرمپ سے ملاقات کے خواہش مند تھے تاہم ایسی کوئی ملاقات صدر کے شیڈول میں شامل نہیں کی گئی۔

وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو ملاقات کو طے شدہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے تھے حالانکہ اس کی باضابطہ منظوری نہیں دی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نیتن یاہو کے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو پر بھی ناراض ہیں جس میں اسرائیلی رہنما نے ترکیہ کو جدید جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکی منصوبے پر تنقید کی تھی۔

امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ نیتن یاہو کو اس معاملے میں مداخلت کا حق نہیں تھا۔

دوسری جانب اسرائیل نے امریکا کو اطلاع دی تھی کہ ایران کی جانب سے ترکیہ میں ٹرمپ کے خلاف ممکنہ حملے کا خطرہ موجود ہے تاہم بعد میں امریکی اور ترک حکام نے اس اطلاع کو غیر مصدقہ قرار دیا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ اطلاع قابلِ اعتماد شواہد سے محروم تھی، امریکا میں بھی نیتن یاہو کے خلاف ناراضی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ 

نائب صدر جے ڈی وینس سمیت کئی امریکی عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ جنگ کے حوالے سے حد سے زیادہ خوش آئند اندازے پیش کیے جو درست ثابت نہیں ہوئے۔

ادھر امریکی ایوانِ نمائندگان میں 103 ارکان نے اسرائیل کے لیے 3 ارب ڈالرز کی امداد میں کٹوتی کے حق میں ووٹ دیا ہے جسے نیتن یاہو حکومت کے لیے ایک اہم سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید