وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی متحرک قیادت نے پنجاب میں جس اندازسے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے اس نے عورت کی حکمرانی کیخلاف پراپیگنڈا کرنیوالوںکے ارمانوں پر پانی پھیر دیا ہے، سیاسی مخالفین کہتے پھر رہے تھے کہ اکیلی ناتجربہ کارعورت اتنا بڑا صوبہ کیونکر چلا پائیگی؟ لیکن پھرپوری دنیا نے دیکھا کہ اسی تنہا عورت نے پوری بیوروکریسی کو کام پر لگا دیا، ایک بھی ویسی خبر باہر نہیں آئی جیسی خبریں بزدارحکومت میں روزانہ وائرل ہوا کرتی تھیں جن پر میمز بنا کرتے تھے۔ مریم نواز حکومت نے صحت ، تعلیم ، انفراسٹرکچر، سیف سٹی ، صفائی ،تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی بحالی، بازاروں کی تزئین و آرائش اور شہری سہولتوں کے کئی منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا، پنجاب میں ہسپتالوں کی بہتری، نئے طبی منصوبوں، جدید مشینری کی فراہمی اور صحت کی سہولتوں کے دائرہ کار کو بڑھا یا گیا، لاہور میں پاکستان کے سب بڑے فری کینسر ہسپتال کا جزوی افتتاح ہوچکا ہے، وہ وقت زیادہ دور نہیں جب نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ میں مریضوں کا بلا امتیازعمر مفت علاج کیا جائیگا، اس کینسر ہسپتال میں لواحقین کو یہ ہرگز نہیں کہا جائیگا کہ بڑی عمر کے مریض کو گھر لیجائیں جہاں وہ سسک سسک کر بغیرعلاج مر جائیں،پنجاب حکومت اسکولوں کی بحالی، جدید کلاس رومز، ڈیجیٹل سہولتوں، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی ماحول میں بہتری کے منصوبوں پر کام کررہی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی توسیع مستقبل میں جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس کے نظام کو مزید مؤثر بنا یا جارہا ہے ، پہلی بار پنجاب کے مختلف شہروں میں بازاروں کی تزئین و آرائش، یکساں سائن بورڈز، بہتر لائٹنگ، پیدل چلنے والوں کیلئے سہولتوں اور تاریخی مقامات کی بحالی نے منظرنامہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ صاف ستھرے اور خوبصورت بازار نہ صرف خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں اورسیاحت کو بھی فروغ دیتے ہیں، رائے عامہ بن چکی ہے کہ پنجاب حکومت نے انتظامی مشینری کو سیاست سے بالاتر ہوکر متحرک انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرنا غیر معمولی عمل تھا ، ہر وہ سڑک ، چوک ، بازارجہاں پر قبضہ مافیا کاروبار اور روزگار کے نام پر بلیک میل کیا کرتا تھا وہاں اس مافیا کا خاتمہ کردیا گیا ، مافیا سے نجات ملنے پر شہریوں نے کھلی سڑکوں، بہتراور آسان آمدو رفت کا مثبت اثر محسوس کیا اور وہ حکومت پنجاب کے شکر گزار ہیں۔پنجاب بھر میں نئی سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز، نکاسی آب کے منصوبوں اور شہری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیزی سے کام جاری ہے، اس سے آسان سفر، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب حکومت کامیابی سے اپنے منصوبوں میں مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھ رہی ہے تاکہ انکی شفاف تکمیل ممکن ہو، ناقدین سیاست برائے سیاست کرتے ہوئے آج بھی پنجاب حکومت کے ترقیاتی کاموں کیخلاف پراپیگنڈا کررہے ہیں لیکن عوام خوش ہیں کہ پنجاب میں صاف ستھری سڑکیں، منظم بازار، بہتر ٹریفک نظام، جدید نگرانی، تعمیراتی سرگرمیاں انھیں حقیقی تبدیلی کا احساس دلا رہی ہیں، سچ تو یہ ہے کہ پنجاب پاکستان کیلئےایک جدید ، منظم اور ترقی یافتہ صوبے کی مثال بن گیا ہے۔وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالتے وقت مریم نواز شریف کے سامنے ترقی، رفتاراورعوامی خدمت کا وہ بلند معیار موجود تھا جسے ’’شہباز اسپیڈ‘‘کہا جاتاتھا، اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے مریم نوازنے مختصر عرصے میں الیکٹرک بسوں، الیکٹرک ٹیکسی، الیکٹرک بائیکس سمیت ایک کے بعد ایک ترقیاتی اور فلاحی منصوبے متعارف کرائے جنہوں نے نہ صرف شہباز اسپیڈ کے کئی نمایاں ریکارڈ توڑ دئیے بلکہ گورننس کا ایک نیا معیار قائم کردیا ، مستقبل میں پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سنبھالنے والے امیدوار کیلئے ان اہداف تک پہنچنا یقیناً ایک غیر معمولی امتحان ہوگا۔