حماس کے نو منتخب سیاسی سربراہ خلیل الحیہ نے اپنی قوم کو مزاحمتی تنظیم کے شہید رہنماؤں کے نقش قدم پر چلنے کی یقین دہانی کروادی۔
عرب میڈیا کے مطابق اپنے خظاب میں خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ حماس کے شہید رہنماؤں کے نقش قدم پر چلنے کی یقین دہانی کرتا ہوں۔ غزہ کے عوام کی تکالیف اور درد مٹانے کیلئے ہر سمت اور راہ پر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اولین ترجیحات میں اسرائیلی فوجی حملوں کا مکمل خاتمہ کرنا ہے جبکہ مغربی کنارے کا دفاع ہمارے کندھوں پر امانت ہے۔ غزہ پٹی میں خونریزی روکنے کے لیے مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی کردار کو سراہتے ہیں۔
خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری عدم استحکام کی صورتحال فلسطینیوں کے مسئلہ سے وابستہ ہے۔ ہم غزہ پٹی، مقبوضہ بیت المقدس، مغربی کنارہ اور فلسطینی قیدیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کریں گے۔