• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتی سیّد زاہد سراج قادری

اسلامی نظام معیشت کا بنیادی مقصد معاشرے میں عدل و انصاف کو یقینی بنانا، استحصال کو ختم کرنا، اور دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سود کو اسلام میں حرام قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ نظامِ استحصال اور عدم مساوات کو فروغ دیتا ہے۔ قرآن و سنت، اجماعِ اُمت اور سابقہ آسمانی مذاہب میں بھی سود کی حرمت واضح طورپر بیان کی گئی ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: (ترجمہ)” ﷲ نے بیع کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام“۔

سودی نظام سے پیدا ہونے والے معاشی اور معاشرتی مسائل کے تدارک و سدِّباب روکنے کے لیے علمائے اسلام نے ہر دور میں بھرپور جدوجہد کی ہے، انفرادی، اجتماعی اور ریاستی سطح پر سود کے خلاف آواز بلند کی اور سود سے پاک معیشت کے قیام کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ سود کے خلاف جدوجہد میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا ؒ نے اہم کردار ادا کیا۔

آپ نے نہ صرف سود کی حرمت کو اُجاگر کیا، بلکہ سود سے پاک متبادل نظام معیشت کی تشکیل کے لیے واضح اصول و ضوابط بھی فراہم کیے۔ آپ کے مجموعۂ فتاویٰ”فتاویٰ رضویہ“ میں سود کے متعلق اسلامی احکامات،اس کے معاشرتی نقصانات اور نفع کمانے کے حلال ذرائع کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ آپ فرماتے ہیں:”سود شرع نے قطعی حرام فرمایا ہے، مگر اور سو طریقے نفع لینے کے حلال فرمائے ہیں“۔

اس موضوع پر ادارئہ تحقیقات امام احمد رضا کراچی نے ایک جامع کتاب شائع کی ہے جو مفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ کتاب ”تجارت حلال ہے اور سود حرام“ امام احمد رضا ؒ کی گراں قدر تصنیف” فتاویٰ رضویہ“ میں شامل وہ فتاویٰ ہیں، جن میں آپ نے سود کے حوالے سے سوالات کے جامع اور مدلل جوابات دیے ہیں۔

کتاب میں درج ذیل باتیں نمایاں ہیں۔٭الفاظ بعینہٖ اعلیٰ حضرت کے رکھے گئے ہیں۔ صرف عنوانات کا اضافہ کیا گیا ہے ٭آسانی کے لیے سوالات کے جوابات کو تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے٭حواشی اور توضیحات حسب ضرورت شامل کیے گئے ہیں٭مکرر جوابات، تکرار کے پیش نظر نقل نہیں کیے گئے ہیں۔

کتاب کے مشمولات اسلامی نظامِ معیشت کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں، جس میں اسلامی بینکاری، تکافل (اسلامی انشورنس)، اسٹاک ایکسچینج، میوچل فنڈز، مضاربہ کمپنیز، اور دیگر مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے افراد بھی اس کتاب کی راہنمائی میں اپنے کاروباری معاملات کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔

یہ کتاب طلبہ، اسکالرز، اور پروڈکٹ ڈیولپر کے لیے اسلامی اقتصادی نظام کی بنیادوں کو سمجھنے اور جدید مالیاتی چیلنجز کے متبادل حل دینے میں معاون ہو گی۔ اللہ کریم سے دعا ہے کہ وہ امام احمد رضا کی اس کتاب کے ذریعے ہمیں حلال تجارت کے اصولوں کو سمجھنے اور سود جو حرام ہے اس سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، ہم سب کو سود سے بچنے، اور حلال کمانے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)

اسپیشل ایڈیشن سے مزید