علامہ محمد اقبال اور اسد اللہ خاں غالب ہمارے ان شعرا میں شامل ہیں جنھوں نے اپنی شاعری کا خاصا بڑا حصہ خود ہی مسترد کرکےاسے متروک ومنسوخ قرار دے دیا، کیونکہ وہ ان کے اپنے مقرر کردہ اعلیٰ معیار پر پورا نہیں اُترتا تھا ۔ غالب کے مروّجہ دیوان میں ان کے ایسے بہت سے اشعار شامل نہیں ہیں جو انھوں نے تخلیق کیے تھے لیکن خود ہی اپنے منتخب دیوان سے خارج کردیے تھے۔
غالب کے اس کلام کوان کے بعد غالبیات کے ماہرین تلاش کرکے شائع کرتے رہے۔ مسلم ضیائی نے ’’غالب کا منسوخ دیوان‘‘کے نام سے غالب کا وہ کلام مرتب کیا جوغالب کے متداول دیوان میں موجود نہیں ہے لیکن غالب کے کلام کے مختلف قلمی نسخوں میں محفوظ ہے۔ یہ کتاب کراچی کے ادارۂ یادگارِ غالب نے شائع کی ہے۔
اسی طرح علامہ اقبال کی کئی غزلیں اور نظمیں ان کے کسی مجموعے میں شامل نہیں ہیں اگرچہ وہ بعض اخبارات اور رسائل میں شائع ہوچکی تھیں اور بعد میں اقبال نے انھیں خود ہی منسوخ و متروک قرار دے دیا تھا۔ لیکن اقبال کی وفات کے بعد اقبالیات کے ماہرین نے اقبال کے ایسے کلام کو تلاش و تحقیق کے بعد جمع کیا اور اس متروک کلام کے الگ مجموعے شائع کیے گئے۔ آج اقبال کے کلام کے ایسے ہی مجموعوں کا ذکر مقصود ہے جو ان کے منسوخ و متروک کلام پر مبنی ہیں۔
لیکن اس سے پہلے کلام ِاقبال کے دو مجموعوں کا ذکر ضروری ہے جن میں ان کے کلام کا کچھ ایسا حصہ بھی شامل کردیا گیا تھا جسے وہ کتابی صورت میں لانانہیں چاہتے تھے۔ ایسے دو مجموعے ان کی زندگی ہی میں شائع ہوگئے تھے اور اقبال اس پر ناخوش تھے۔ ہوا یہ تھا کہ اقبال کے اردو کلام کے پہلے مجموعے ’بانگِ درا‘ کی ۱۹۲۴ء میں اشاعت سے قبل ہی اقبال کے دو چاہنے والوں نے ان کی شاعری کو اپنے طور پر مرتب کرکے چھاپ دیا تھا۔
ان میں سے پہلی کتاب ’اقبال ‘ کے نام سے احمد دین نے لاہور سے ۱۹۲۳ء میں شائع کی تھی۔ اگرچہ یہ بنیادی طور پر اقبال کی شاعری کا تنقیدی جائزہ تھا لیکن اس میں اقبال کے اردو کلام کا بہت بڑا حصہ بھی شامل تھا۔ احمد دین علامہ اقبال کے دوست تھے اور ان کا خیال تھا کہ اقبال اس کتاب کو دیکھ کر خوش ہوں گے لیکن اقبال کو اس کتاب کو دیکھ کر صدمہ پہنچا کیونکہ اس وقت وہ ’بانگِ درا‘کی اشاعت کے لیے خود اپنے کلام کا بہت کڑا انتخاب کررہے تھے۔
احمد دین کی کتاب میں اقبال کا ایسا کلام بھی شامل تھا جو اقبال نے اخبارات اور رسالوں میں شائع تو کرایا تھا لیکن وہ یا تو نظرِ ثانی کے ذریعے اس میں ترمیم و تنسیخ کرنا چاہتے تھے یا ان میں سے بعض کو اس قابل ہی نہیں سمجھتے تھے کہ اپنے زیرِ ترتیب مجموعے ’بانگِ درا ‘ میں شامل کریں۔
اقبال کی ناراضی کو دیکھ کر احمد دین نے اپنی کتاب کے تمام نسخے اپنے مکان کے صحن میں جمع کیے اور انھیں آگ لگادی۔’بانگِ درا‘ ۱۹۲۴ء میں شائع ہوئی تو احمد دین نے اپنی کتاب کو ازسرِ نو مرتب کیا اور اس میں سے وہ سارا کلام نکال دیا جو اقبال نے مسترد کردیا تھا۔یہ کتاب مختلف شکل میں ۱۹۲۶ء میں شائع ہوئی۔
لیکن اس کتاب کے پہلے ایڈیشن کے چند نسخے کسی طرح محفوظ رہ گئے تھے۔ ان کی مدد سے مشفق خواجہ نے کتاب ’اقبال ‘ دوبارہ مرتب کردی اور ۱۹۲۳ء کے ایڈیشن کی زائد عبارات کو حواشی میں درج کردیا ۔ یہ کتاب ۱۹۷۹ء میں انجمن ترقی اردو (کراچی) نے شائع کی۔ ڈاکٹر صابر کلوروی نے لکھا ہے کہ ’’اقبال نے بانگِ درا کی اشاعت کے وقت اپنا تقریباً پچپن (۵۵) فی صد اردو کلام خود ہی رد کردیا تھا‘‘(آج کل کے شاعروں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے)۔
اسی طرح کا ایک اور مجموعہ’ کلیاتِ اقبال‘ کے نام سے چھپا۔ اقبال کے ایک اور پرستار محمد عبدالرزاق راشد تھے۔ یہ حیدرآباد (دکن )کے محکمۂ مالیات میں ملازم تھے اور اقبال کے سچے عاشق تھے۔ شاعر بھی تھے اور راشد تخلص کرتے تھے ۔ وہ اپنے طور پرا قبال کا کلام جمع کرتے آرہے تھے اور لوگ ان کا مرتّبہ مسودہ پڑھنے کے لیے لے جاتے اور ان سے فرمائش کرتے کہ اسے چھپوا دیجیے۔
آخر انھوں نے ایک دیباچے اور طویل مقدمے کے ساتھ اسے ’کلیاتِ اقبال ‘ کے نام سے دکن سے ۱۹۲۴ء میں شائع کردیا۔ لیکن یہ مجموعہ بھی اقبال کی مرضی اور اجازت کے بغیر شائع ہوا تھا اور اس میں بھی کچھ ایسا کلام شامل تھا جو اقبال منسوخ کرچکے تھے۔
آخر ِ کار اس کی تقسیم و فروخت صرف ریاست دکن تک محدود کردی گئی تھی۔البتہ ۲۰۰۷ء میں فرمان فتح پوری نے اس کا ایک عکسی ایڈیشن مختصر تعارف کے ساتھ بیکن بکس (ملتان) سے شائع کروادیا۔
’ بانگِ درا‘ کے بعد اقبال کا جو اردو کلام کتابی صورت میں شائع ہوا (یعنی ’ بالِ جبریل‘ ،’ ضرب ِ کلیم‘ اور ’ارمغانِ حجاز ‘ ) اس میں بھی اقبال نے کچھ تبدیلیاں کیں اور کچھ مطبوعہ کلام ان مجموعوں میں شامل نہیں کیا۔ ان مجموعوں میں شامل کلام کا موازنہ اخبارات و رسائل میں ان کی اولین اشاعت سے کیا جائے تو ان میں سے بعض کے متون میں خاصا اختلاف نظر آئے گا۔
اب آتے ہیں اقبال کے اس کلام کی طرف جو اقبال نے تو متروک و منسوخ کردیا تھا لیکن ان کے شیدائیوں نے ایسے کلام کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر جمع کیا اور اسے کتابی صورت میں شائع کردیا۔ اقبال کے منسوخ کلام کے مجموعوں کا مختصر احوال پیش ہے:
٭۱۔ اصلاحات ِ اقبال (۱۹۵۲ء)
یہ کتاب محمد بشیر الحق دیسنوی عظیم آبادی نے مرتب کی اور اس میں اقبال کے اردو اور فارسی کلام کی ابتدائی صورت اور بعد ازاں کتابی صورت میں شائع ہونے والااصلاح شدہ متن دو کالموں میں ایک دوسرے کے مقابل پیش کیا گیا ہے۔ کتاب مختصر ہے اور صرف اٹھاسی (۸۸) صفحات پر مشتمل ہے۔ ۱۹۵۲ء میں بانکی پور پٹنہ سے شائع ہوئی۔
٭۲۔رختِ سفر (۱۹۵۲ء)
محمد انور حارث نے اقبال کے متروک کلام کو جمع کیا اور کراچی سے ۱۹۵۲ء میں شائع کیا۔ اس کے دوسرے ایڈیشن میں انھوں نے مزید ایسا کلام شامل کیا۔ دوسرا ایڈیشن ۱۹۷۷ء میں شائع ہوا۔
٭۳۔ باقیات ِ اقبال (۱۹۵۳ء)
معروف اقبال شناس سید عبدالواحد معینی نے اقبال کا مزید ایسا کلام دریافت کرکے ۱۹۵۳ء میں شائع کیا جو اقبال نے کسی مجموعے میں شامل نہیں کیا تھا۔ اس کے دوسرے ایڈیشن میں اقبال کا مزید ایسا کلام شامل کیا گیا جو محمد عبداللہ قریشی نے دریافت کیا تھا۔ دوسرا ایڈیشن ۱۹۶۶ء میں شائع ہوا۔
٭۴۔ سرودِ رفتہ (۱۹۵۹ء)
غلام رسول مہر معروف صحافی، محقق اور تاریخ داں تھے۔ انھوں نے صادق علی دلاوری کے ساتھ مل کر اقبال کا فارسی اور اردو کا ایسا کلام مرتب و شائع کیا جو اقبال نے قلم انداز کردیا تھا یا جس میں اقبال نے ترامیم کی تھیں۔ اس میں حواشی بھی ہیں اور ’بانگِ درا‘ اور ’رموزِ بے خودی‘ کے مسودے کے ایسے چند صفحات کے عکس بھی شامل ہیں جن میں اقبال نے خود اپنے ہاتھ سے ترمیم و تبدیلی کی ہے۔
٭۵۔ تبرکات ِ اقبال (۱۹۵۹ء)
محمد بشیر الحق دیسنوی عظیم آبادی نے ۱۹۵۹ء میں دہلی سے یہ کتاب شائع کی اور اس میں اقبال کا ایسا متروک کلام پیش کیا جو ’رختِ سفر‘ اور’ باقیات ِ اقبال ‘کے مرتبین کی نظر میں نہیں آسکا تھا۔ کتاب مختصر ہے اور صرف چھیاسٹھ (۶۶) صفحات پر مبنی ہے۔
٭۶۔ نوادرِ اقبال (۱۹۶۲ء)
عبدالغفار شکیل نے اقبال کا ایسا اردو اور فارسی کلام اس کتاب میں پیش کیا جو اقبال کے کسی مجموعے میں شامل نہیں۔ اس میں انھوں نے عبدالرزاق راشد کی مرتبہ’ کلیاتِ اقبال ‘ (جس کا ذکر اوپر آیا ہے) سے بھی مدد لی۔ یہ کتاب علی گڑھ سے ۱۹۶۲ء میں شائع ہوئی۔
٭۷۔ ابتدائی کلام ِ اقبال (۱۹۸۸ء)
ہندوستان کے معروف محقق گیان چند جین نے بعض ڈائریوں، بیاضوں اور رسالوں سے لے کر اقبال کا متروک کلام زمانی ترتیب سے مرتب کیا اور سال اور مہینا بھی درج کیا۔ پہلے حیدرآباد (ہندوستان) سے شائع ہوئی پھر پاکستان سے ۲۰۰۴ء میں اقبال اکیڈمی نے شائع کیا۔
٭۸۔ کلام ِ اقبال (۲۰۰۱ء)
ہندوستانی محقق اکبر حیدری کشمیری نے نادر رسالوں میں مطبوعہ اقبال کاغیر متداول اور متروک کلام جمع کیا اور سری نگر سے کتابی صورت میں شائع کیا۔ اس میں اشعار اور نظموں کا پس منظر بھی بتایا گیا ہے۔
٭۹۔ کلیات ِ باقیاتِ شعرِ اقبال (۲۰۰۴ء)
صابر کلوروی نے ایک بہت بڑا کام یہ کیا کہ اقبال کے متروک و منسوخ کلام کے تمام مجموعوں کو ایک جِلد میں زمانی ترتیب سے مرتب کیا۔ اس میں انھوں نے ایسے تقریباً ساڑھے سات سو (۷۵۰) اشعار کا اضافہ بھی کیا ہے جو اقبال کے متروک کلام کے کسی مجموعے میں بھی شامل نہیں ہو سکے تھے۔ اقبال اکیڈمی (لاہور) نے شائع کی۔
البتہ اس پر ایک اعتراض یہ وارد ہوسکتا ہے کہ اس میں شامل کچھ اشعار ایسے ہیں جو درحقیقت اقبال کے نہیں ہیں، مثال کے طور پر عطیہ فیضی نے اپنی انگریزی کتاب بہ عنوان ’’اقبال‘‘میں جہاں اقبال کا کچھ کلام شامل کیا ہے وہاں غلطی سے کچھ ایسے اشعار بھی آگئے ہیں جو مرثیے کے ہیں، اقبال کے ہرگز نہیں ہیں۔ صابر کلوروی صاحب نے غلطی سے ان کو بھی اقبال کا قرار دے کر اپنی اس کتاب میں شامل کرلیا ہے۔
لیکن اس کتاب کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، یہ اپنے موضوع پر سب سے جامع کام ہے۔ البتہ اس کی ضخامت کی وجہ سے اس میں اقبال کا کوئی متروک شعر یا مصرع تلاش کرنا بہت مشکل تھا۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی ایک طالبہ سمیرا نسرین نے اپنے ایم اے (اردو) کے مقالے کے لیے ایک عمدہ موضوع یوں چُنا کہ، صابر کلوروی کی اس کتاب کااشاریہ تیار کردیا، جو الف بائی ترتیب سے بنایا گیا ہے اور اسے اقبال اکیڈمی (لاہور) نے ۲۰۰۶ء میں ’اشاریۂ باقیات ِ کلیاتِ شعر ِ اقبال( مرتبہ صابر کلوروی)‘ کے نام سے کتابی صورت میں شائع کیا، جس سے محققین اور عام قارئین و طلبہ کو بھی بہت سہولت ہوگئی۔ کاش ہمارے طالب علم ایم اے اور ایم فل کے مقالوں کے لیے ایسے ہی مفید موضوعات کا انتخاب کریں اور تیسرے درجے کے شاعروں کی چوتھے درجے کی شاعری پر نام نہاد تحقیقی مقالے لکھنا کرنا بند کردیں۔
٭۱۰۔ باقیات ِ اقبال (۲۰۲۳ء)
تقی عابدی نے اقبال کے متروک اردو کلام کا کچھ حصہ اس کتاب میں شامل کیا ہے۔انھوں نے جدول بناکرنشان دہی کی ہے کہ اقبال نے کون کون سے مطبوعہ اشعار مکمل طور پر متروک و منسوخ کردیے اور کون کون سی نظمیں جزوی طور پر متروک کیں۔ جہلم سے ۲۰۲۳ء میں شائع ہوئی۔
بعض ماہرین ِاقبالیات مثلاً صابر کلوروی کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ اقبال کے متروک و منسوخ کلام کے مطالعے سے اقبال کے فکری اور فنی ارتقا کا سراغ ملتا ہے اور اس مطالعے کونصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ ادب و شعر کے طالب علم دیکھ سکیں کہ بڑا شاعر کس طرح خود تنقیدی کی صلاحیت سے کام لے کر اپنے کلام کے فکری، فنی اور لسانی محاسن کو بہتر بناتا ہے۔