اسلام آباد( خصوصی نمائندہ، ناصر چشتی) سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی جبکہ حکومت نے تردید کی۔ و فاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں اور کوئی بھی دیوتا نہیں، عمران خان کیلئے خصوصی سہولت کا مطالبہ قانون کیخلاف ہے، شور شرابا کی بجائے عدالتوں پر بھروسہ کیا جائے،سینیٹر مشعال یوسفزئی اور ڈاکٹر محمد ہمایون نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر ہائی ہے، نئی بیماریاں لاحق ہو رہی ہیں، انہیں فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے۔ محسن عزیز نے کہا ملک میں جنگل کا قانون ہے کیا جیل مینول میں ہر ہفتے رشتہ داروں سے ملنے کا نہیں لکھا گیا ہے اس پر گذشتہ 5 مہینوں سے پابندی کیوں ہے۔