کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں طویل عرصے سے جاری تعلیمی اور انتظامی بحران کے بعد یونیورسٹی کو ایک نئے آئینی بحران کا سامنا ہے۔ یونیورسٹی کی سینیٹ کے 10اراکین اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے ہیں، جس کے بعد یونیورسٹی سینیٹ میں اراکین کی تعداد صرف 5باقی رہ گئی ہے۔ اس طرح سینیٹ عملی طور پر غیر فعال ہوچکی ہے۔ دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نئے اراکین کی نامزدگی اور سینیٹ کی تشکیل کا عمل بروقت مکمل کروانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔نامزد کنندہ کمیٹی کے منتخب رکن ڈاکٹر اقبال حسین نقوی اور ڈاکٹر روشن علی سومرو نے سینیٹ کے اراکین کی مدت مکمل ہونے اور بروقت نئے اراکین کی نامزدگی نہ ہونے کا ذمہ دار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شینواری کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وائس چانسلر نے نامزد کنندہ کمیٹی کے اجلاس میں بے جا مداخلت کرکے اجلاس کی روداد کو تبدیل کیا اور مقررہ وقت پر کمیٹی کی سفارشات کو منظوری کے لیے ایوان صدر نہیں بھجوایا گیا۔ جس کے باعث یونیورسٹی میں آئینی بحران پیدا ہوا۔ڈاکٹر اقبال حسین نقوی اور ڈاکٹر روشن علی سومرو کے مطابق وائس چانسلر نے نامزد کنندہ کمیٹی کے اجلاس میں بے جا مداخلت کرتے ہوئے المنائی کی نشست پر خلاف ضابطہ نامزدگی کی جبکہ المنائی کی نامزدگی ایجنڈے میں شامل نہیں تھی اس کے باوجود من پسند افراد کو المنائی کی نشست پر نامزد کیا گیا۔