پشاور (جنگ نیوز) سیکرٹری محکمہ زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان کی زیر صدارت محکمہ زراعت کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں زمینداروں اور کاشتکاروں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری اور موثر ازالے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔آن لائن کھلی کچہری میں محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز، متعلقہ افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبے کے مختلف علاقوں سے زمینداروں اور کاشتکاروں نے محکمہ زراعت سے متعلق اپنے مسائل، مشکلات اور تجاویز آن لائن سیکرٹری زراعت کے سامنے پیش کیں۔ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے زمینداروں کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے گئے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور زمینداروں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔