استنبول سے تہران جانے والی ایرانی پرواز کی فنی خرابی کے باعث انقرہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
ایرانی پرواز 7282 پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11:43 بجے استنبول سے تہران کے لیے روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دوپہر 12 بجے طیارہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر معمول کے مطابق پرواز کررہا تھا کہ اچانک شدید فنی خرابی پیدا ہوئی اور طیارے کی بلندی کم ہونا شروع ہوگئی۔
پائلٹ نے 12:13 بجے طیارے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا، ہنگامی صورتحال کے دوران طیارہ تیزی سے نیچے آیا اور 10 ہزار 975 فٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ 7 ہزار 815 فٹ کی بلندی پر ریڈار سے غائب ہوگیا، تاہم پانچ منٹ بعد 5 ہزار 150 فٹ کی بلندی پر دوبارہ ریڈار پر نمودار ہوا۔
پائلٹ نے انقرہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
پرواز نے 12:29 بجے انقرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کرلی۔
لینڈنگ کے فوری بعد حفاظتی اسکواڈ نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا اور اسے ایئرپورٹ کے ایک کونے میں منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے انجن اسٹارٹ ہیں اور طیارہ تاحال انقرہ ایئرپورٹ پر موجود ہے۔