ایران کی نجی ایئرلائن کی دارالحکومت تہران سے بیجنگ کے لیے پرواز میں روس کی فضائی حدود میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جس پر طیارے کو قازقستان کے الماتے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ماہان ایئر پرواز ڈبلیو 579 نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3:24 بجے تہران انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیجنگ کے لیے اڑان بھری۔
لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کی پرواز کے بعد ایئربس اے 340 طیارہ روس کی فضائی حدود میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا کہ طیارے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور جہاز نے اچانک بلندی کھونا شروع کر دی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کے رابطہ کرنے پر پائلٹ نے قازقستان کے الماتے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس دوران لگ بھگ نصف گھنٹے تک تمام پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف روک دیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق طیارہ باحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ آخری اطلاعات تک طیارہ ایئر پورٹ پر ہی موجود تھا۔