ہرنائی(نامہ نگار)صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے بارہ ربیع الاول، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر اہلِ اسلام بالخصوص اپنے حلقے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے محبت، اخوت، رواداری، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کا بہترین درس ہے۔حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور محبت کو فروغ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، اخلاق اور ہدایت کی روشنی عطا فرمائی۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔