کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس بلوچستان چیف سردار کوہیار خان ڈومکی نے 12 ربیع الاول، جشنِ میلاد النبیﷺ کے موقع پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے عظیم نعمت اور رحمت کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺنے محبت، اخوت، رواداری، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنائیں اور معاشرے میں بھائی چارے، امن اور اتحاد کو فروغ دیں۔ سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم نبی کریم ﷺکی سیرت و کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ملک و صوبے کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔