• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کیلئے ہدایت، کامیابی کا ذریعہ ہے، ہدایت الرحمٰن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے ہدایت،رحمت، عدل،امن اور کامیاب زندگی کا مکمل نمونہ ہے۔موجودہ دور کے تمام مسائل کا حل رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل،قرآن سے وابستگی اور اپنے انفرادی و اجتماعی کردار کی اصلاح میں ہے ۔ طلباء وطالبات اساتذہ سمیت ہرطبقہ فکر کے لوگوں کو سیرت پاک ﷺ کا مطالعہ اور اس پرعمل کرناچاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد، پروفیسر رحیم بخش مہر اور معروف بلوچی مصنف اسلم تگرانی نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھی جہاں انسان کی جان، مال، عزت اور حقوق محفوظ ، عدل و انصاف قائم ، کمزوروں اور مظلوموں کا تحفظ کیا جاتا اور حکمران خود کو عوام کا خادم سمجھتے ۔ آج امتِ مسلمہ اور خصوصاً ہمارے معاشرے کو سیرت النبی ﷺ سے حقیقی رہنمائی لینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرہ بدامنی، بدعنوانی، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری، اخلاقی زوال اور حقوق کی پامالی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے ۔ ان حالات میں صرف تقریبات اور نعرے کافی نہیں بلکہ ہمیں سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی، سیاست، تجارت، تعلیم، معاشرت اور حکمرانی کا حصہ بنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں ظلم کے خلاف کھڑے ہونے، حق بات کہنے، امانت و دیانت اختیار کرنے، وعدہ پورا کرنے، پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے، خواتین، بچوں، غریبوں اور کمزور طبقات کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے اور معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنے کی تعلیم دی ہے۔
کوئٹہ سے مزید