• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے، جمعیت

کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام صوبائی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمٰن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ شہر کے گلی کوچوں میں قاتل اور رہزن دندناتے پھر رہے ہیں شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔ کوئٹہ میں بے گناہ شہریوں اور سرانان میں نہتے مزدوروں سمیت دیگر اضلاع میں آئے روز بے گناہ عوام کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری اور بدامنی کا مسلسل بڑھتا ہوا سلسلہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حکومتی رٹ عملاً کمزور ہوچکی ہے عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے بنیادی فریضے میں حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود عملی اقدامات کا فقدان اور حکام کی خاموشی عوام میں بے چینی اور اضطراب کو مزید بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سرانان اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
کوئٹہ سے مزید