سلطان محمد فاتح
سرور کائنات، فخر موجودات، صاحبِ لوح و قلم، سیّدِ عرب وعجم، حضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ﷺنبوت اور رسالت کے ماہِ تمام سیّد المرسلین، خاتم النبیین بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کا دین، دینِ کامل، شریعت ہر دَور کی راہ نما، نبوت اور رسالت تمام انبیاء اور رسولوں میں امتیازی شان کی حامل ہے۔ الله عزوجل نے ان تمام انبیاء اور رسولوں میں آپ ﷺ کو امتیازی شان اور اعزاز و افتخار ساتھ مبعوث فرمایا۔
اللہ تعالیٰ نے انبیائے کرامؑ کو مختلف معجزات عطا فرمائے، لیکن ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺنبوت ورسالت کی پوری تاریخ میں اس لحاظ سے ممتاز ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺکو بلند مقام اور بلند شان سے نوازا ۔ آپﷺ کو جو معجزات عطا فرمائے، وہ بھی آپ ﷺکی سیرت پاک کی طرح امتیازی شان کے حامل ہیں۔
سیرت نگاری کی تاریخ میں ہر دو ر کو سیرت نگا روں نے سرور کائنات ﷺ کی سیرت پاک پر لکھا، تو معجزات نبوی ؐ کو آپ ﷺکی حیاتِ پاک اور سیرتِ طیبہ کے بیان میں نمایاں مقام اور بنیادی اہمیت دی گئی ۔ ’’معجزاتِ نبوی ﷺ‘‘ پر اَن گنت کتابیں تحریر کی گئیں۔ ہمارے پیشِ نظر بچّوں کے ادیب اور سیرت نگاری میں قابلِ ذکر نام اور ممتاز مقام کے حامل پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق کلوٹا (سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سیرت اسٹڈی سینٹر شکاگو امریکا)کی کتاب ’’معجزے میرے نبی ﷺ کے ‘‘ ہے۔
جو بلا شبہ معجزاتِ نبوی ﷺپر اردو کے دینی ادب اور سیرت نگاری کے باب میں ایک قابلِ ذکر اور عمدہ اضافہ ہے۔ بچّوں کے لیے تحریر کردہ یہ کتاب رسول اکرم ﷺکے ایک سو پچاس مشہور معجزات پر مبنی ہے۔ کتاب کو زمانی ترتیب پر مرتّب کیا گیا ہے۔ پیارے نبی ﷺ کے جملہ مشہور معجزات کوسادہ ، عام فہم اور دل چسپ اسلوب میں تحریر کیا گیا ہے۔
فاضل مصنّف، ڈاکٹر محمد مشتاق کلوٹا اس سے قبل بھی سیرت پاک پرمتعدد کتب تحریر کر چکے ہیں۔ جن میں سے بیش تر کتب پر انہیں قومی سیرت ایوارڈ اور سندِ امتیاز سے نوازا جاچکا ہے ۔ ’’معجزے میرے نبی ﷺ کے‘‘ اس سال قومی سیرت ایوارڈ کی حق دار قرار پائی ہے۔ جسے12ربیع الاوّل کو قومی سیرت کانفرنس اسلام میں قومی سطح پر کتب سیرت میں ایوارڈ اور سندِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
اردو سیرت نگاری خاص طور پر بچّوں کے لیے تحریر کردہ کتبِ سیرت میں بلا شبہ یہ ایک عمدہ کاوش ہے۔ قوی امید ہے کہ ایک ایسے دَورمیں جب نسلِ نو کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے معاشرے کو اَن گنت مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے،’’ معجزے میرے نبی ﷺ کے‘‘ ایک راہنما دستا و یز ثابت ہوگی۔ مستقبل کے معمار، نسلِ نو سے وابستہ مسلمان بچّے اور سیرت النبی ﷺ کے عام قاری حضرات اور ہر شعبۂ زندگی سے وابستہ افراد اس سے پورے طور پر مستفید ہوں گے۔
کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت سیرت النبیؐ اور معجزات رسول ﷺکے حوالے سے اس میں شامل نادر و نایاب تصاویر ہیں، جن میں سے بیش تر تصاویر فاضل مصنّف نے ان تاریخی مقامات کے سفر اور اس ضمن میں مسلسل کوشش و کاوش کے بعد حاصل کیں، جو کتاب کی زینت اور اس کی اہمیت کو دوچند کرتی نظر آتی ہیں۔ کتاب کے مطالعے سے سرورِ کونین ﷺکی سیرتِ پاک کی عظمت و رفعت، سیرتِ طیّبہ کے اعجاز اور معجزاتِ نبوی ﷺ کی عظمت واہمیت کا پتا چلتا ہے۔