آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس (ایم اے کے) میں چوری کرنے والے 2 ملزمان نے واردات سے قبل میوزیم میں داخلے کے ٹکٹ خریدے۔
آسٹریا کے میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں نے شیشے کا ڈسپلے کیس توڑا، 200 قیراط کا پلاٹینم اور ہیرے کا ہار نکالا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
آسٹریا کے میڈیا کے مطابق میوزیم میں جاری نمائش میں رکھا گیا وان کلیف اینڈ آرپلز (Van Cleef & Arpels) کا یہ ہار 673 قیمتی پتھروں سے مزین تھا جس کی مالیت کئی ملین ڈالرز تھی، جبکہ نمائش میں تقریباً 500 اشیاء رکھی گئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ چوری یورپی عجائب گھروں میں ہونے والی ہائی پروفائل چوریوں میں سے ایک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہونے والی واردات کے دوران دونوں افراد بغیر ماسک کے میوزیم میں داخل ہوئے اور انہوں نے داخلے کے لیے ٹکٹ خریدے جو سی سی ٹی وی کیمروں میں واضح ہوا۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد نے ہتھوڑے کی مدد سے شیشے کا ڈسپلے کیس توڑا اور زیورات لے کر نامعلوم سمت میں فرار ہو گئے۔
میوزیم کی انتظامیہ نے چوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کے باعث اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کر سکتے۔
فرانسیسی ڈیزائنرز وان کلیف اینڈ آرپلز کے لیے مختص کی گئی یہ نمائش رواں سال جون میں شروع ہوئی تھی جو ستمبر میں ختم ہو گی۔