• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی قبرص کے قریب کشتی الٹ گئی، 7 افراد ہلاک، 270 مسافر سوار تھے

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز 

بحیرۂ روم میں شمالی قبرص سے ترکیہ جانے والی مسافر کشتی الٹنے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حادثے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کشتی میں سوار 237 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ مزید 23 افراد کی تلاش جاری ہے، کشتی خراب موسمی حالات کے باعث الٹی۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں سے کسی کی حالت تشویش ناک نہیں۔

ترکیہ کی وزارت داخلہ کے مطابق فلو جیٹ نامی کشتی شمالی قبرص کے شہر کیرینیا سے جنوبی ترکیہ کے شہر تاشوجو جارہی تھی۔ کشتی میں 259 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے جب قبرص کے ساحل سے چند میل دور اس میں پانی بھرنا شروع ہوگیا۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں کشتی کو سمندر میں ایک جانب جھکا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جبکہ متعدد افراد لائف جیکٹس پہنے پانی میں موجود تھے اور کچھ افراد کشتی کے ایک حصے پر جمع تھے۔

ترک وزارت داخلہ کے مطابق ریسکیو آپریشن میں شمالی قبرص کے چار کوسٹ گارڈ جہاز، ایک مسافر کشتی اور دو کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ جائے حادثہ کی ویڈیوز میں کم از کم ایک ہیلی کاپٹر کو الٹی ہوئی کشتی کے اوپر پرواز کرتے دیکھا گیا۔

میرین ٹریفک کی ٹریکنگ کے مطابق کشتی اتوار کی صبح کیرینیا کے شمال میں موجود تھی، تاہم بعد میں اس کی پوزیشن کے سگنلز موصول ہونا بند ہوگئے۔

کیرینیا بندرگاہ سے براہ راست نشر ہونے والی ویڈیو میں ریسکیو کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بچائے گئے افراد کو بندرگاہ پہنچتے دیکھا گیا، جہاں متعدد ایمبولینسز بھی موجود تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید