ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن کسی بھی حملے کا فیصلہ کُن جواب دے گا۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے جزیرۂ لارک پر امریکی حملے کے بعد ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے حالیہ حملے کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ہم دنیا کو واضح پیغام پہنچا چکے ہیں کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں، لیکن ہم کسی بھی جارحیت کے سامنے خاموش تماشائی بھی نہیں بنیں گے اور جارحیت کرنے والوں کو فیصلہ کن جواب دیں گے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، اس کے نتیجے میں تمام ممالک کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔
مسعود پزشکیان نے یہ بیان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانگی کے موقع پر دیا، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون کو آبنائے ہرمز پر پرواز کرتے ہوئے تباہ کیا گیا۔