• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ فیصل سے کورنگی جانے والے فلائی اوور پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شاہ فیصل سے کورنگی جانے والے فلائی اوور پر ڈاکوؤں نے متعدد شہریوں کو لوٹ لیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر شرافی گوٹھ پولیس موقع پر پہنچی،اہلکاروں نے پل کے قریب پہنچتے ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی ۔ پولیس کو دیکھ کر ڈاکو ندی کے راستے فرار ہوگئے ، ڈاکوؤں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے دو پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہریوں سے موبائل فون ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، ڈاکوؤں کی لوٹ مار کے دوران شاہ فیصل فلائی اوور کے دونوں جانب شہریوں کی بڑی تعداد اکھٹی ہوگئی اور دیگر گاڑی اور موٹرسائیکل سواروں کو آگئے جانے سے روک دیا تاکہ وہ محفوظ رہیں ، شہریوں کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلائی اوور پر یہ پہلا واقعہ نہیں ہر ماہ تقریباً دو سے تین بار اس طرح ڈاکو شہریوں کو لوٹتے ہیں ،واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی اس فلائی اوور پر ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کی تھی ۔