کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کا تباہ حال انفرااسٹرکچر شہر کی معیشت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ ٹوٹی سڑکیں، بدترین ٹریفک جام، ناقص نکاسی آب، ابلتے گٹر، خستہ پل و فلائی اوورز، غیر مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ اور کچرے کے ڈھیر اب محض شہری مسائل نہیں بلکہ براہِ راست معاشی نقصان کا سبب بن رہے ہیں، ٹریفک میں ضائع ہونے والے گھنٹے، سامان کی ترسیل میں تاخیر، خراب سڑکوں کے باعث گاڑیوں کے اضافی اخراجات اور بارش کے بعد کاروباری سرگرمیوں کی معطلی سے کاروباری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی اداروں کے درمیان اختیارات اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم کی جائے۔