کراچی (خالد محبوب ۔۔اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نےکہا ہے کہ حکومت ریلیف کا ڈرامہ بند اور پٹرولیم لیوی پر بھتہ ختم کرے،16ستمبر کو کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ پر تاریخی جلسہ عام،17ستمبر کو لاہور، پھر مردان میں جلسہ ہوگا اور اس کے بعد اسلام آباد میں دمادم مست قلندر ہوگا، جماعت اسلامی کے 40شہروں میں دھرنے جاری ہیں ، حکومت کے کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکیں گے ،حکومت کو لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنا ہوگا ، ہم دھرنے ختم کریں گے نہ 20ستمبر کو اسلام آباد مارچ سے دستبردار ہوں گے ، 17ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یہ اعلان انہوں نے منگل کو گورنر ہاؤس سندھ پر پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے 31ویں دن ایک بڑے جلسہ عام اور قبل ازیں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہاگر حکومت نے لیوی کا بھتہ ختم اور مطالبات منظور نہیں کیے تو تحریک حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل ہوجائے گی ، حکومت کے کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکیں گے ، صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوام کے حقیقی مسائل اور ایشوز پر جدو جہد کر رہی ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کا پیٹرول ریلیف پیکیج مسترد کرتے ہیں یہ عوام کے ساتھ دھوکا ہے اور اس کے اشتہارات پر ریلیف کی رقم سے زیادہ خرچ کیا جا رہا ہے، یہ خیرات پاکستانی قوم کو نہیں چاہئے ، قوم کو اپنا حق چاہئے ،قوم کا حق یہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ختم کیا جائے، 3 ماہ میں 25 اور75 ارب روپے کے پیکج سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ حکومت ایک جانب بات چیت بھی کررہی ہے دوسری جانب رات کو پیٹرول بم بھی گرائے جارہے ہیں۔ روزانہ پیٹرول کی قیمتوں کو بڑھانے کا طریقہ کار کو ختم کیا جائے ۔میر رضا کیس نے سندھ حکومت کو ایکسپوز کر دیا ہے ، سندھ حکومت کے حالیہ بلدیاتی ترمیمی بل 2026کو مسترد کرتے ہیں ، آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے نظام کے ایک چیپٹر ہونا چاہئے اور وفاق سے بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز ملنے چاہئے تاکہ بلدیاتی حکومتیں صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر نہ ہوں ، ہم پی ٹی آئی کے احتجاج کے آئینی و جمہوری حق کی حمایت کرتے ہیں۔