• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت لیوی بھتہ ٹیکس ختم، شاہانہ اخراجات بند کرے، حافظ نعیم

کراچی( خالد محبوب۔۔اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےایک بار پھر واضح اور دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نام نہاد پیٹرول ریلیف پیکیج اور کسی بھی قسم کے لاک ڈاؤن کو مسترد کرتے ہیں، حکومت عوام کو دھوکا دینے اور مزید کسی مشکل میں ڈالنے کی بجائے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرے، حکومتی شاہانہ اخراجات اور بڑی گاڑیوں کا استعمال بند کرے، 20ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر دیا اب فیصلے سڑکوں پر ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس سندھ پر پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف بدھ کو دھرنے کے 32ویں دن ایک بڑے جلسہ عام اور قبل ازیں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت اب بھی مذاکرات میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہےاور روزانہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور ریلیف پیکیج کی تشہیر پر رقم خرچ کر رہی ہے، دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ان کے لیے اس پر عمل کرنا ممکن نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے 42شہروں میں بیک وقت دھرنے جاری ہیں، 20ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے لیے پلان اے کا اعلان 17ستمبر کو لاہور کے جلسے میں کرینگے، پلان بی اور سی بھی بنائے ہوئے ہیں، حکومت خواہ کتنے ہی کنٹینر لگا دے 20ستمبر کو اتنی بڑی تعداد میں چاروں طرف سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے کہ حکومت کے چودہ طبق روشن ہو جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید