• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیتن یاہو نے امریکی دورہ مزید مختصر کردیا، اقوام متحدہ تقریر کے فوراً بعد روانگی

کراچی (نیوز ڈیسک) نیتن یاہو نے امریکا کا دورہ مزید مختصر کردیا، اقوام متحدہ کی تقریر کے فوراً بعد روانگی، اسرائیلی وزیر اعظم اب براہ راست نیویارک پہنچیں گے، خطاب کے روز آمد، بیان ختم ہوتے ہی روانہ ہوجائیں گے۔ ٹیکساس کا دورہ اور دیگر سفارتی مصروفیات منسوخ ہونے کا امکان، امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی غیر یقینی ہوگئی۔ آئی 24نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکا کا پہلے سے مختصر دورہ مزید محدود کردیا ہے۔ نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے روز براہ راست نیویارک پہنچیں گے اور تقریر ختم کرنے کے فوراً بعد امریکا سے روانہ ہوجائیں گے۔ ابتدائی منصوبے کے تحت نیتن یاہو کو نیویارک جانے سے پہلے ٹیکساس کا دورہ کرنا تھا، جبکہ دو باخبر ذرائع نے بتایا کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات بھی متوقع تھی، تاہم دورہ مختصر کیے جانے کے بعد اس ملاقات کا انعقاد غیر یقینی ہوگیا ہے۔ جولائی میں نیتن یاہو کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر غور کی خبر سامنے آئی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے شرکت کا فیصلہ کیا۔

دنیا بھر سے سے مزید