ریاض (شاھدنعیم)سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے گورنریٹ الاحساء میں العقیر۔العیون روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پہلی گاڑی میں سوار ایک خاندان کے والدین، تین بیٹے اور دو بیٹیاں حادثے میں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دوسری گاڑی میں سوار دو نوجوان بھی جاں بحق ہوئے۔ مشرقی صوبے کے محکمہ ٹریفک کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ اچانک گاڑی کا رخ مڑنا بتائی گئی ہے، جبکہ حادثے سے متعلق ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ سول ڈیفنس اور سعودی ہلال احمر کی خصوصی امدادی ٹیموں نے شدید متاثرہ دونوں گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی کی۔