لاہور (آصف محمود بٹ)اسلام آباد مارچ، پنجاب حکومت نے سرکاری مشینری کے استعمال پر پابندی لگا دی۔ سرکاری ملازمین کو سیاسی اجتماعات میں شرکت کیلئے مجبور یا دباؤ میں لانے پر کارروائی ہوگی، شکایت کیلئے ہیلپ لائن مقرر۔ تمام محکموں کو 23 ستمبر تک جامع تعمیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم، خلاف ورزی پر فوری محکمانہ و انضباطی کارروائی ہوگی۔ پنجاب حکومت نے اسلام آباد جانے والے کسی بھی مارچ، جلوس یا ریلی کیلئے صوبائی حکومت کے سرکاری فنڈز، وسائل، گاڑیوں، مشینری اور اہلکاروں کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام انتظامی محکموں، پولیس، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کے امپلی منٹیشن اینڈ کوآرڈی نیشن (I&C) ونگ نے ہفتہ 19 ستمبر کو مراسلہ جاری کردیا، جو تمام انتظامی سیکرٹریز، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھجوایا گیا ہے۔مراسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر 2026 کے فیصلے، مقدمہ وقاص احمد بنام فیڈریشن آف پاکستان و دیگر (W.P. No. 4421/2026) کا حوالہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو عدالتی حکم کی ’’فوری اور مکمل تعمیل‘‘ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کی جانب جانے والے کسی بھی مارچ، جلوس یا ریلی کیلئے صوبائی حکومت کا کوئی فنڈ، سرکاری وسیلہ یا اہلکار استعمال نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی سرکاری ملازم یا افسر کو براہ راست یا بالواسطہ ایسے پروگراموں میں شرکت یا ان کی سہولت کاری کیلئے مامور نہیں کیا جاسکے گا۔مراسلے کے مطابق پنجاب حکومت کی کوئی بھی سرکاری گاڑی، مشینری یا آلات ایسے مارچ یا جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کی سہولت کیلئے استعمال کرنے کی بھی مکمل ممانعت ہوگی۔ متعلقہ محکموں اور فیلڈ افسران کو اس حوالے سے ضروری انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کے حوالے سے بھی واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے زیرانتظام کسی ملازم یا افسر کو کسی ریلی یا جلوس میں شرکت کیلئے مجبور، ورغلایا یا دباؤ میں نہیں لایا جائے گا۔ تمام انتظامی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ احکامات فوری طور پر اپنے ماتحت دفاتر، منسلک محکموں، خودمختار اداروں اور فیلڈ فارمیشنز تک تحریری طور پر پہنچائیں تاکہ صوبے کی تمام متعلقہ سطحوں پر عدالتی حکم پر یکساں عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔مراسلے میں سرکاری ملازمین کو مبینہ سیاسی دباؤ کی صورت میں شکایت درج کرانے کا طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے۔ کسی سرکاری ملازم یا افسر کو اگر کسی سیاسی رہنما یا عہدیدار کی جانب سے کسی ریلی یا جلوس میں شرکت کیلئے مجبور کیا جائے تو وہ فوری طور پر پنجاب کے پروونشل انٹیلی جنس سیل سے رابطہ کرسکتا ہے۔اس مقصد کیلئے 042-99210114 اور 042-99214494 ہیلپ لائن نمبرز جاری کئے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا بھی عندیہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف متعلقہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے فوری محکمانہ اور انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔